سپریم کورٹ نے اکولا فسادات کی تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہدایت دی

   

نئی دہلی، 11 ستمبر (یو این آئی ) سپریم کورٹ نے جمعرات کو مہاراشٹر کے اکولا میں 2023 کے فسادات کی تحقیقات کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم ( ایس آئی ٹی ) کی تشکیل کی ہدایت دی۔ اس سلسلے میں حکم جاری کرتے ہوئے جسٹس سنجے کمار اورجسٹس ستیش چندر شرما کی بنچ نے کہا کہ ایس آئی ٹی میں ہندو اور مسلم دونوں برادریوں کے سینئر افسران کو شامل کیا جائے گا۔ بنچ نے یہ فیصلہ محمد افضل محمد شریف کی اسپیشل لیو پیٹیشن پر دیا، جنہوں نے فسادات کے دوران قتل کے ایک مقدمے کے عینی شاہد ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایک بار جب کوئی شخص پولیس کی وردی پہن لیتا ہے تو اسے ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہو کر قانون کے مطابق اپنا فرض ادا کرنا چاہیے ۔درخواست گزار کا دعویٰ ہے کہ فسادات کے دوران اس پر حملہ بھی ہوا تھا۔ انہوں نے اس معاملے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کیلئے بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے عرضی کو یہ کہتے ہوئے خارج کر دیا کہ انہوں نے اپنا کیس بیان کرنے کیلئے مناسب وقت کی حد کے اندر پولیس حکام سے رابطہ نہیں کیا۔