سپریم کورٹ نے لکھیم پور تشدد کا ازخود نوٹ لیا

,

   

معاملہ کی آج چیف جسٹس رمنا کے اجلاس پر سماعت
نئی دہلی : سپریم کورٹ نے لکھیم پور کھیری میں 3اکٹوبر کو ایک کار کے ذریعہ احتجاجی کسانوں کو مبینہ طور پر روند دینے کے سانحہ اور اُس کے بعد پیش آئے تشدد کا از خود نوٹ لیا ہے ۔ لکھیم پور میں کسانوں کے احتجاج کے دوران پیش آئے واقعہ میں چار کسانوں کے بشمول 9افراد ہلاک ہوئے ۔ چیف جسٹس این وی رمنا اور جسٹس سوریا کانت اور جسٹس ہیما کوہلی پر مشتمل بنچ جمعرات کو اس معاملہ کی سماعت کرے گی ۔ اس معاملہ کو لکھیم پور کھیری ( یو پی ) میں انسانی جان کے نقصان کا موجب بننے والا تشدد کے زیرعنوان سماعت کیلئے رکھا گیا ہے ۔ قبل ازیں فاضل عدالت کے دو وکلاء نے چیف جسٹس کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ فاضل عدالت کی نگرانی میں اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کرائی جائے ۔ ایڈوکیٹس شیوکمار ترپاٹھی اور سی ایس پانڈہ کے تحریر کردہ مکتوب میں کہا گیا کہ اترپردیش کے لکھیم پور کھیری میں کسانوں کی ہلاکت سنگین معاملہ ہے ۔ فاضل عدالت کیلئے ضروری ہے کہ اس معاملہ میں مداخلت کرے ۔ وکلاء نے دعویٰ کیا کہ حالیہ عرصہ میں تشدد اس ملک کا سیاسی کلچر بن چکا ہے ۔