سپریم کورٹ کا استھانا کی تقرری پر مرکز کو نوٹس

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے دہلی پولیس کمشنر کے طور پر راکیش استھانا کی تقرری کے سلسلے میں جمعہ کو مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس اے ایس بوپنا نے مرکزی حکومت کے علاوہ گجرات کیڈر کے 1984 بیچ کے آئی پی ایس افسر استھانا کو نوٹس جاری کیا ہے ۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ استھانا کی تقرری کو دہلی ہائی کورٹ نے 12 اکتوبر کو قانونی قرار دیا تھا اور اس تقرری کو چیلنج کرنے والی درخواست کو خارج کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی پر آج مرکز اور مسٹر استھانا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے دو ہفتے کے اندر جواب دینے کو کہا ہے ۔ عدالت عظمیٰ نے 18 نومبر کو جلد سماعت کی سینئر وکیل پرشانت بھوشن کی اپیل پر اس معاملے میں آج سماعت کی اجازت دی تھی۔ بھوشن نے ‘خصوصی تذکرہ’ کے تحت اپیل کی تھی، جسے قبول کرلیا گیا تھا۔