سپریم کورٹ کا فیصلہ سب ماننا ہوگا: آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری محمد ولی رحمانی

,

   

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ بابری مسجد حق ملکیت مقدمہ پر عدالت عظمی کا فیصلہ تاریخی ہوگا۔ اس فیصلہ کیلئے اب صرف کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں۔ امید ہے کہ یہ فیصلہ 17/نومبر کو آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمی میں فریقین اپنے مدلل دلائل پیش کئے جسے ملک کی میڈیا نے بڑے پیمانے پر پیش کئے۔

مولانا نے کہا کہ ہم سابق میں بھی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے سب کو ماننا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہمیشہ سے ہی ملک میں ایک آزاد اور غیر جانبدارانہ میڈیا کے حامی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند میڈیا ادارے چھوڑکر بعض میڈیا کے اداروں نے بابری مسجد حق ملکیت کے معاملہ میں انصاف سے کام نہیں لیا۔ میڈیا کے ایک گوشہ بالخصوص الیکٹرانک میڈیا نے عوام کے جذبات کو براانگیختہ کرنے اور غلط پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کی ہے۔ اس طرح کی خبروں سے معاشرہ میں نفرت‘ بغض عناد کو بڑھاوا ملتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ ہم میڈیابرادری کو یہ یاددلانا چاہتے ہیں کہ براڈ کاسٹنگ اسٹینڈنگ اسوسی ایشن (این بی ایس اے) نے بھی بابری مسجد تنازعہ کی رپورٹنگ سے متعلق بھی ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔