نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے بدھ کو دہلی-این سی آر میں آلودگی کا ایک بڑا ذریعہ سمجھے جانے والے پرالی جلانے سے نمٹنے سخت موقف اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف جسٹس بی آر گوائی کی سربراہی میں بنچ نے کہا کہ کسان ملک کیلئے اہم ہیں، لیکن انہیں بغیر جانچ کے پرالی جلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بنچ نے پرالی جلانے کو روکنے کیلئے سخت سزا دینے کا مشورہ دیا۔پنجاب اور ہریانہ میں ہر اکتوبر اور نومبر میں دہلی میں فضائی آلودگی کی ایک اہم وجہ پرالی جلانا ہے ۔ سپریم کورٹ نے سردیوں کے موسم میں دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی سے متعلق عرضیوں کی سماعت کے دوران یہ مشورہ دیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پرالی جلانے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کسانوں کو سبسڈی اور آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ایک وکیل نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے 2018 سے اس معاملے پر جامع احکامات جاری کیے ہیں، لیکن کسان بے بسی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ بنچ نے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریہ بھاٹی سے پوچھا کہ آپ کچھ تعزیراتی دفعات پر غور کیوں نہیں کرتے ؟ اگر کچھ لوگ سلاخوں کے پیچھے ہیں، تو اس سے صحیح پیغام جائے گا۔