نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو ریاستی حکومت کی اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں مدراس ہائی کورٹ کی طرف سے تمل ناڈو میں ریاست گیر ’سڑک مارچ ‘ کرنے کی آر ایس ایس کی اجازت کو چیلنج کیا گیا تھا۔ جسٹس وی راما سبرامنیم اور جسٹس پنکج میتھل کی بنچ نے ریاستی حکومت کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے آر ایس ایس کو اس کے پروگرام کے مطابق تمل ناڈو میں ریاست گیر سطح پر ’سڑک مارچ ‘ کرنے کی اجازت دیدی ۔ ٹامل ناڈو حکومت نے ہائی کورٹ کے 10 فروری 2023 کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، جس میں ’سڑک مارچ ‘ کی اجازت دی گئی تھی۔ آر ایس ایس نے اکتوبر 2022 میں تمل ناڈو حکومت سے ریاست میں ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ اور ’گاندھی جینتی‘ کے پیش نظر ’سڑک مارچ ‘ نکالنے کی اجازت طلب کی تھی۔ ریاستی حکومت نے امن و امان کے مسئلہ کا حوالہ دیتے ہوئے اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد آر ایس ایس نے سڑک مارچ نکالنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔