نئی دہلی ، یکم اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزارت برائے اطلاعات و نشریات نے کورونا وائرس (کووڈ۔19 )کے متعلق فرضی خبریں دینے کے پیش نظر سپریم کورٹ کے فیصلے کو ذہن میں رکھتے ہوئے تمام پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کو اس پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ہے ۔وزارت نے آج یہاں ایک حکم نامہ جاری کر کے اس کی کاپی پریس کونسل، نیوز براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن نیشنل، انڈین براڈ کاسٹنگ فاؤنڈیشن کو بھیجی ہیں تاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کیا جا سکے ۔سپریم کورٹ نے حکومت کو ملک میں کورونا وائرس سے متعلق فرضی خبریں دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی منگل کو ہدایت دی تھی ۔ مرکز نے سرکاری مشینری سے حقائق کی تصدیق کئے بغیر ’کووڈ -19‘ سے متعلق کوئی بھی رپورٹ شائع یا نشر کرنے سے روک کی ہدایات جاری کرنے کے لئے عدالت سے درخواست کی تھی ۔