نئی دہلی ۔ 2جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزراء یشونت سنہا اور ارون شوری کے علاوہ ایک سینئر ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے اپنے فیصلہ مورخہ 14 ڈسمبر پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے ۔ جس میں فرانس سے 36رافیل لڑاکا طیاروں کی خریدی میں بدعنوانیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے دائر کردہ مفاد عامہ کی تمام درخواستوں کو خارج کردیا گیا تھا ۔ ان تینوں نے اپنی درخواست نظرثانی میں الزامات عائد کیا کہ یہ فیصلہ دراصل حکومت کے انتہائی غلط اور غیر درست دعوؤں پرمبنی ہے جو عدالت عظمی کو ایک سربہ مہر لفافہ میں چند دستخط شدہ نوٹ کے ذریعہ فراہم کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کھلے اجلاس میں اس درخواست نظرثانی پر سماعت کی استدعا بھی کی