ضمنی انتخابات کیلئے تیار ہونے کا پارٹی کیڈر کو مشورہ
حیدرآباد /31 جولائی ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے پارٹی تبدیل کرنے والے 10 ارکان اسمبلی کے خلاف سپریم کورٹ کی جانب سے دئے گئے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انتخابات کیلئے تیار ہوجانے کا پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا ۔ سپریم کورٹ نے اسپیکر تلنگانہ کو بی آر ایس پارٹی سے انحراف کرنے والے 10 ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے معاملے میں تین ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جس کا بی آر ایس پارٹی نے خیرمقدم کیا ہے۔ کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس بی آر گاوائی کی قیادت والی بنچ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اسکو تاریخی فیصلہ قرار دیا ۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹیوٹ میں کہا کہ ہم معزز چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اس ملک کے جمہوری ڈھانچے کو بدنیتی پر مبنی طریقوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ لوک سبھا کے قائد اپوزیشن راہول گاندھی سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کریں گے ۔ کے ٹی آر نے پارٹی کارکنوں کو ضمنی انتخابات کیلئے تیار ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ سچائی کی جیت ہونے کا دعوی کرتے ہوئے جئے کے سی آر جئے تلنگانہ کا نعرہ دیا ۔ 2