سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایکناتھ شندے کو استعفیٰ دینا چاہئے: سنجے راوت

   

ممبئی:سپریم کورٹ کے ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے دھڑے سے متعلق فیصلے کے بعد شیوسینا لیڈران سنجے راوت اور پرینکا چترویدی نے کہا کہ وزیر اعلی ایکناتھ شندے کو اخلاقی بنیاد پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو شندے کی بغاوت کے لیے ایک سخت تھپڑ سے تعبیر کیا کیونکہ سپریم کورٹ نے اس فلور ٹیسٹ کو غیر قانونی قرار دیا، جس کے بعد شندے حکومت کو اقتدار سونپا گیا تھا۔ادھو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا کہ ایکناتھ شندے کو اب اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دے دینا چاہیے کیونکہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں شندے-فڑنویس کی بغاوت کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ ادھو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا، “سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ شیو سینا شندے گروپ کا وہپ غیر قانونی ہے… موجودہ حکومت غیر قانونی ہے اور آئین کے خلاف بنائی گئی ہے”۔