سپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران مزدوروں کی موت

   

حیدرآباد : /28 نومبر (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ کونڈہ پور میں ایک واقعہ پیش آیا جس میں سپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران دو مزدور ہلاک ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گوتمی انکلیو اپارٹمنٹ واقع کونڈہ پور میں اپارٹمنٹ کی سپٹک ٹینک کی صفائی کیلئے بعض مزدوروں کو طلب کیا گیا تھا ۔ پہلے دو مزدور مین ہول میں اتر کر اس کی صفائی کررہے تھے کہ طبعیت اچانک بگڑنے کے نتیجہ میں وہ باہر نکل آئے ۔ جبکہ وہاں پر موجود دیگر دو مزدور انجیا اور سینو سپٹک ٹینک کی صفائی کیلئے مین ہول میں اترگئے اور کچھ ہی دیر میں سانس گھٹنے کے نتیجہ میں وہ اندر ہی بے ہوش ہوگئے ۔ اس منظر کو دیکھ کر اپارٹمنٹ کے مقیم افراد نے پولیس کو آگاہ کیا اور کچھ ہی دیر میں فائرانجن عملہ بھی وہاں پہنچ گیا ۔ انجیا اور سینو پیشہ سے مزدور ہے اور سنگارینی کالونی سعیدآباد کے ساکن ہے ۔ دواخانہ کو منتقلی پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا اور بغرض پوسٹ مارٹم ان کی نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بغیر کوئی احتیاطی تدابیر کے مذکورہ متوفی مزدور مین ہول میں اترگئے تھے جس کے سبب زہریلی گیس سے متاثر ہوکر فوت ہوگئے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر متوفی مزدور کے افراد خاندان گوتمی انکلیو اپارٹمنٹ پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا ۔ پولیس کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ اپارٹمنٹ کے مقیم افراد نے اوور فلو ہونے والے ڈرینیج کی صفائی کیلئے ایک کنٹراکٹر سے آن لائن رابطہ قائم کرتے ہوئے سپٹک ٹینک کی صفائی کا گتہ دیا تھا ۔ اطمینان بخش صفائی نہ ہونے پر کنٹراکٹر نے مزید مزدوروںکوبھیجا اور بغیر کوئی احتیاط برتے مزدور سپٹک ٹینک میں جانے کے سبب حادثہ کا شکار ہوگئے ۔ گچی باؤلی پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ب