کونڈا سریکھا کے خلاف عدالتی فیصلہ کا خیرمقدم
حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے نام پلی خصوصی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کو سچائی کی جیت قرار دیا اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ستیہ میوا جیتی کا نعرہ تحریر کیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاستی وزیر کونڈا سریکھا نے کے ٹی آر کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے منشیات لینے، فلمی اداکارہ سمنتھا کی طلاق کا ذمہ دار قرار دینے اور فون ٹیاپنگ کرنے کے الزامات عائد کئے تھے جس پر کے ٹی آر نے نامپلی کورٹ میں ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ نامپلی کی عدالت نے ریاستی وزیر کے کے ٹی آر پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف فوجداری مقدمہ دائر کرنے کا پولیس کو حکم دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اقتدار میں رہنے والوں کو کسی کے بھی خلاف ریمارکس کرنے سے قبل سوچ سمجھ کر اپنی بات رکھنی چاہئے۔ اقتدار کے نشہ میں چند قائدین بغیر کسی ثبوت کے کسی کے شبیہہ کو داغدار نہیں بناسکتے۔ ریاستی وزیر کونڈا سریکھا نے ان کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کئے تھے۔ انہوں نے نوٹس روانہ کرتے ہوئے معذرت خواہی کرنے کی اپیل کی تھی جس پر ریاستی وزیر کونڈا سریکھا نے کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے وہ عدالت سے رجوع ہوئے اور عدالت نے وزیر کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے پولیس کو حکم دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ جو قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اس میں ابھی صرف نصف کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ وہ اس مقدمہ میں صد فیصد کامیاب ہوں گے۔ 2