تالا پدماوتی فارمیسی کالج ورنگل میں پروگرام کا انعقاد، مقررین کا خطاب
ورنگل۔/19 اپریل،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رحمتوں اور نعمتوں کے مقدس ماہ رمضان المبارک کے موقع پر شہر ورنگل کے مشہور تعلیمی ادارہ جات تالا پدماوتی گروپ آف انسٹی ٹیوٹ کے چیرمین ٹی ملیشم کی نگرانی میں عرس گٹہ فارمیسی کالج میں رمضان کی اہمیت پر پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مسرزسید مخدوم محی الدین قادری، ایم اے نعیم سینئر جرنلسٹ و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل برادران وطن میں رمضان المبارک کی اہمیت اور مذہبی تہواروں کے تعلق سے واقف کروانے کیلئے اس طرح کا پروگرام منعقد ہونا خوش آئند بات ہے، جس سے گنگا جمنی تہذیب کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے، یہ پاک مہینہ ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنی زندگی میں انسانیت اور سچائی کے راستہ پر چلیں، اس طرح کے پروگرام گنگا جمنی تہذیب اور قومی یکجہتی کی مثال ہیں جس میں سبھی طبقات اور مذاہب کے لوگ شامل ہوکر آپسی بھائی چارگی کی مثال پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر ایم اے نعیم سینئر جرنلسٹ، ڈاکٹر ورون ڈائرکٹر پدماوتی گروپ، ڈاکٹر جے وینکٹیشورراؤ پرنسپل فارمیسی کالج، ڈاکٹر ستیہ نارائنا پٹنائیک اکیڈیمک ڈین، ڈاکٹر فصیح الدین نے بھی خطاب کیا۔ فیکلٹی ایم وائی بیگ پروگرام کو کامیاب بنانے میں سرگرم رہے۔ اس موقع پر تالا پدماوتی فارمیسی کالج کے طلباء و طالبات نے سورۃ قدر کا ترجمہ سنایا اور اللہ کے صفاتی ناموں کو ترنم میں پیش کیا۔ بعد ازاں مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی۔ چیرمین تالا پدماوتی گروپ آف انسٹی ٹیوشن ٹی ملیشم کی جانب سے افطار پیاکٹس تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔