ممبئی۔25 ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم بیٹسمینس تندولکر اور سنیل گواسکر کی سکیورٹی (ایکس کیٹیگری)واپس لے لی ہے۔ جبکہ شیوسینا رکن اسمبلی اور ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو ابھی تک وائی پلس سکیورٹی دی جا رہی تھی لیکن اب ان کی سکیورٹی بہتر کر کے زیڈ کیٹیگری کی کر دی گئی ہے- اس کے علاوہ انا ہزارے کی بھی سکیورٹی بڑھائی گئی ہے ان کی سکیورٹی اب زیڈ کیٹیگری کی ہو گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے صوبہ میں ہائی پروفائل افراد کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ لیا ہے۔ اس فیصلے میں سچن کی سکیورٹی ہٹا لی گئی ہے۔ اس تعلق سے ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ سچن کو ایکس کیٹیگری کی سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔ اس کے تحت ایک پولیس کانسٹیبل چوبیسوں گھنٹے ان کے ساتھ رہتا تھا اب وہ سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔آئی پی ایس افسر نے دعوی کیا کہ سچن کو پولیس اسکاٹ کی سہولت دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کئی دیگر قائدین کی بھی سکیورٹی میں کمی کردی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر ایکناتھ کھڑسے کو وائی کیٹیگری کی سکیورٹی کے ساتھ ہی پولیس اسکاٹ کی بھی سہولت تھی لیکن اب اسکاٹ کی سہولت ہٹا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ یو پی کے سابق گورنر رام نائک کے پاس اب تک زیڈ پلس سیکورٹی تھی اسے کم کرتے ہوئے اب انہیں ایکس کیٹیگری کی سکیورٹی دی گئی ہے۔ وکیل اجول نکم کی بھی زیڈ پلس سکیورٹی کو ہٹاتے ہوئے انہیں اسکاٹ کے ساتھ وائی کیٹیگری کی سکیورٹی دی گئی ہے۔ ادھر سماجی کارکن انا ہزارے کی سکیورٹی کو حکومت نے مزید بہتر کیا ہے۔ انا ہزارے کو ابھی تک وائی کیٹیگری کی سکیورٹی تھی جسے اب زیڈ کیٹیگری سے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔