سچن تنڈولکر بھی چار روزہ ٹسٹ کے مخالف

   

نئی دہلی ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ کو چار روزہ مقابلہ میں تبدیل کرنے کی جو تجویز دی ہے، اس کی مخالفت کی ہے۔ سچن کے بموجب ٹسٹ کرکٹ کے پانچویں دن اسپنرس کی اہمیت کافی بڑھ جاتی ہے اور اگر مقابلہ چار دن کا ہی ہوا تو پھر اسپنرس کا رول وہ باقی نہیں رہے گا۔ آئی سی سی 143 سالہ تاریخ کے پانچ روزہ مقابلہ کو چار دن کی میچ میں تبدیل کرنا چاہتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلی جاسکیں۔ تاہم اس تجویز کے کئی موجودہ اور سابق بڑے کھلاڑیوں نے مخالفت کی ہے جس میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ، موجودہ اسپنر لیتھن لیون اور ٹیم کے کوچ جسٹن لانگر قابل ذکر ہیں۔ کئی کھلاڑیوں کا یہ ماننا ہیکہ اگر ٹسٹ کو چار دنوں کا کھیل کردیا جائے تو بیٹسمینوں کا ذہن اسے محدود اوور کی طویل کرکٹ کے طور پر قبول کرے گا اور دوسرے دن کھانے کے وقفہ تک ہی رنز بنانے کا ذہن تیار ہوجائے گا۔ سچن تنڈولکر نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ دوسرا تشویشناک پہلو اسپنرس کی اہمیت ختم ہونے کا ہے کیونکہ پانچویں دن اسپنرس کو مقابلہ میں کلیدی رول ادا کرنے کا موقع ملتا ہے اور اگر میچ چار روزہ ہی ہوگا تو پھر ان کی اہمیت گھٹ جائے گا۔