ممبئی :۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شردپوار نے کسانوں کے احتجاج کے بارے میں کرکٹر سچن تنڈولکر کے تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی اہم شخصیتوں کے موقف کو لے کر کئی گوشوں نے مختلف باتیں کہی ہیں ۔ سچن تنڈولکر کو میرا مشورہ ہے کہ دوسرے شعبے کے موضوعات پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے محتاط رہیں ۔مودی حکومت کے تین نئے زرعی قوانین کے خلاف عالمی سطح کی شخصیتوں کے ٹوئیٹ کے جواب میں اتحاد کی بات کرتے ہوئے عظیم کرکٹر سچن تنڈولکر نے بھی ٹوئیٹ کیا تھا اور اسی طرح کے ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اسی سلسلے میں شردپوار نے کہا کہ اگر حکومت کے سینئیر قائدین جیسے وزیراعظم ، وزیر دفاع اور نتن گڈکری آگے آئیں اور کسانوں کے ساتھ بات چیت کریں تو کوئی حل نکل سکتا ہے ۔ اگر حکومت کے سینئیر قائدین کو ئی پہل کرتے ہیں تو کسانوں کو ان کے ساتھ بیٹھنا چاہئے ۔ واضح رہے کہ شردپوار کے علاوہ مہاراشٹرا نونریمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بھی آج الزام عائد کیا کہ حکومت کو احتجاجی کسانوں کی حمایت میں ٹوئیٹ کرنے والی غیر ملکی شخصیتوں پر جوابی حملہ کرنے کے لیے چلائی گئی اپنی مہم میں لتا منگیشکر اور سچن تنڈولکر جیسی اہم شخصیات کو میدان میں نہیں اترنا چاہئے تھا ۔ اگر امریکی سنگر ریحانہ اور دیگر ہستیوں کا نئے زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کرنا اور کسانوں کی حمایت کرنا ہندوستان کے داخلی معاملے میں مداخلت کرنے جیسا تھا تو ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت میں وزیراعظم نریندر مودی کا نعرہ بھی پریشان کن تھا ۔ راج ٹھاکرے نے سوال کیا کہ مودی نے ٹرمپ کے حق میں نعرہ کیوں لگایا ؟۔