سچن عظیم کرکٹر ہیں، ویراٹ سے تقابل درست نہیں:مرلی

   

لکھنؤ: ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کو کرکٹ کی دنیا کا منفرد بیاٹر بتاتے ہوئے سری لنکا کے سابق اسٹار اسپنر متھیا مرلی دھرن نے کہا ہے کہ ویراٹ کوہلی کا اُن سے تقابل کرنا مناسب نہیں ہوگا۔مرلی جو یہاں اپنی فلم ’800‘کی تشہیر کیلئے آئے ہوئے تھے ، انھوں نے ہفتہ کو ایک سوال کے جواب میں کہاکہ نہ صرف ویراٹ بلکہ دنیا کے کسی بلے باز کا موازنہ سچن سے نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ایک بہترین بلے باز رہے ہیں۔ سچن نے 14سال کی عمر میں رانجی کھیلنا شروع کیا جب کہ محض 16سال کی عمر میں انہوں نے پاکستان کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور وقار یونس جیسے گیند بازوں کا سامنا کیا۔ سنچریوں کی سنچری لگانے والے سچن جیسا باصلاحیت بیاٹرصرف ایک بار پیدا ہوتا ہے ۔ مرلی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ویراٹ کوہلی بہترین بلے باز ہیں لیکن ان کا سچن سے موازنہ کرنا بے معنی ہوگا۔ کرکٹ کے ہر دور میں باصلاحیت کھلاڑی ابھرتے ہیں لیکن ان کا کسی اور سے موازنہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں ہندوستان کے امکانات کو بہتر بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈیا کو اپنی سرزمین پر کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔ روی چندرن اشوین انڈین ٹیم کیلئے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوں گے ۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ انہیں آخری وقت میں ٹیم میں شامل کیا گیا۔
وہ ایک بہترین گیندباز ہیں جو بلے باز کا دماغ پڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اسے کسی بھی وقت مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بلے باز اور گیندباز فارم میں ہیں جس سے ٹیم کو فائدہ ہوگا، تاہم انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی ورلڈ کپ کی مضبوط دعویدار ہیں جو ہندوستان کو سخت ٹکر دے سکتی ہیں۔ پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کھلاڑی برصغیر کے حالات سے بخوبی واقف ہیں اور یہ ٹیمیں ورلڈ کپ میں سرپرائز دے سکتی ہیں۔ اپنے کرکٹ کیریئر کا تجربہ بتاتے ہوئے مرلی دھرن نے کہا کہ ان کے کرکٹ کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ 1996 کا ورلڈ کپ تھا جب ان کے ملک نے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ سری لنکا کے سابق اسپنر نے کہا کہ انہیں وریندر سہواگ کو باؤلنگ کرنا مشکل لگا۔ تاہم انہوں نے اپنے کیریئر میں حاصل کی گئی 800 وکٹوں میں سے ہر وکٹ ان کے لیے قیمتی ہے ۔ بلے بازوں کی بات کریں تو اگر انہیں ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور سچن تنڈولکر جیسے دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا موقع دیا جائے تو ان کی نظریں صرف سچن پر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی کپتان روہت شرما اور ہاردک پانڈیا ورلڈ کپ میں مخالف گیند بازوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ دونوں بہترین فارم میں ہیں اور خطرناک بھی۔ مرلی دھرن نے کہا کہ ان کی سوانح عمری پر مبنی فلم ‘800’ سچے واقعات پر مبنی ہے اور انہیں امید ہے کہ ہندوستانی ناظرین اس فلم کو تھیٹروں میں دیکھنا پسند کریں گے ۔