لندن، 10 جولائی (آئی اے این ایس) ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹسٹ کا آغاز جمعرات کو لارڈز میں ہوا، جس کا آغاز عالمی شہرت یافتہ سابق بیٹر سچن ٹنڈولکر نے روایتی پانچ منٹ کی گھنٹی بجا کرکیا۔ یہ سیریز جو سچن ٹنڈولکر اور جیمز اینڈرسن کے نام سے منسوب ہے، اس وقت 1-1 سے برابر ہے۔ ٹنڈولکر اپنی اہلیہ انجلی کے ہمراہ لارڈز اسٹیڈیم پہنچے، تماشائیوں کو ہاتھ ہلاکر سلام کیا اور ’نمستے‘ کرکے روایتی انداز میں گھنٹی بجائی۔ بعد ازاں وہ سابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک سے گفتگو کرتے بھی نظر آئے۔ تنڈولکر کی پینٹنگ بھی اسی روز ایم سی سی میوزیم میں نمایاں کی گئی، جسے بعد میں لارڈزکے پویلین میں منتقل کیا جائے گا۔ لارڈز ٹسٹ میں ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ جبکہ انگلینڈ کی طرف سے جوفرا آرچر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ آرچر چار سال بعد ٹسٹ کرکٹ میں واپس آئے ہیں۔