سچن پائیلٹ کا دورہ حلقہ نامپلی، رائے دہندوں سے ملاقات

   

درگاہ یوسفینؒ پر حاضری، کانگریس کی 6 ضمانتوں سے عوام کو واقف کرایا

حیدرآباد۔/18ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور ورکنگ کمیٹی کے رکن سچن پائیلٹ نے آج حلقہ اسمبلی نامپلی میں عوام سے ملاقات کی اور کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ 6 ضمانتوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ سچن پائیلٹ نے درگاہ یوسفینؒ میں حاضری سے اپنے دورہ کا آغاز کیا جہاں ملک میں امن، قومی یکجہتی اور تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ نامپلی اسمبلی حلقہ کے متوقع امیدوار محمد فیروز خاں ، میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل، سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں اور فشر مین کانگریس کے صدرنشین ایم سائی کمار، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس سی ایچ سرینواس اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔ سچن پائیلٹ نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور کے سی آر اور بی جے پی حکومت کی ناکامیوں سے واقف کرایا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سچن پائیلٹ نے کہا کہ کانگریس نے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں متحدہ طور پر مقابلہ کررہی ہے اور ریاست میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، میزورم میں کانگریس پارٹی برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے پارٹی کارکنوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے۔ سچن پائیلٹ نے کہا کہ مرکز میں کانگریس حکومت برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کرناٹک میں عوام سے کئے گئے وعدوں پرعمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مذہب کے نام پر سماج کو تقسیم کرنا چاہتی ہے جبکہ کانگریس پارٹی تمام طبقات اور مذاہب کی یکساں ترقی کے حق میں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ اسمبلی چناؤ میں حلقہ اسمبلی نامپلی سے کانگریس پارٹی کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔