سڈنی ۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا اور آخری میچ سڈنی میں کھیلا جارہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ بہتر ثابت ہوا ہے دریں اثناء پہلے دن کپتان ویراٹ کوہلی 59 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 23 رن بناکر آوٹ ہوئے لیکن اس دوران انہوں نے ایک خاص ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ کوہلی نے اپنی 399 ویں اننگز میں بین الاقوامی کرکٹ میں 19000 رن پورے کرلئے ہیں جو کہ عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے سچن تنڈولکر نے 423 اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ اس کے علاوہ براین لارا نے 433 ، رکی پونٹنگ اور جیک کیس نے 458 اننگز میں یہ مقام حاصل کیا تھا۔ سچن 19000 بین الاقوامی رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین تھے۔ کوہلی نے 15 ہزار ، 16 ہزار ، 17 ہزار ، 18 ہزار اور 19 ہزار رنز سب سے تیز اپنے نام کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سب سے زیادہ بین الاقوامی رنز بنانے والوں میں سچن ( 34357) سرفہرست ہیں جبکہ کمار سنگاکار نے 28016 ، رکی پونٹنگ نے 27483 ، مہلا جے وردھنے نے 25957 ، جیک کیلس نے 25534، راہول ڈراویڈ نے 24208، براین لارا نے 22358 ، جے سوریہ نے 21032 ، شیونارائن چندر پال نے 20988، انضمام الحق نے 20580 اور اے بی ڈیویلئرس نے 20014 رن بنائے ہیں۔