سچن کے ساتھ بیٹنگ کرئیر کا یادرگار لمحہ :امیت

   

نئی دہلی۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے تجربہ کار لیگ اسپنر امیت مشرا نے انگلینڈ کے خلاف 2011 ٹسٹ سیریز میں کھیلی گئی اپنی 84 رنز کی اننگز کو یاد کیا ہے۔ مشرا نے اس سیریز کے چوتھے ٹسٹ میچ میں سچن تندولکر کے ساتھ بیٹنگ کی تھی جسے وہ اپنے ٹسٹ کیریئر کے سب سے زیادہ یادگار لمحات میں گنتے ہیں۔ لندن کے کینگٹن اوول میدان پر کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں مشرا نے پہلی اننگز میں 43 رنز بنائے تھے اور اس کے بعد دوسری اننگز میں 84 رنز بنائے تھے۔ اس دوران انہوں نے سچن کے ساتھ بیٹنگ کی تھی جنہوں نے 91 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اگرچہ ان دونوں کی کوشش رائیگاں تھی کیونکہ ہندوستان کو اس میچ میں شکست ہوئی تھی۔ مشرا نے اپنی آئی پی ایل فرنچائزز دہلی کیپٹلس کے ساتھ انسٹاگرام پر بات چیت کرتے ہوئے کہا مجھے سچن پاجی کے ساتھ بیٹنگ کرنے پر فخر ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ میرے ٹسٹ کیریئر کے سب سے زیادہ یادگار لمحات میں سے ایک ہے۔ہم 2011 میں انگلینڈ کے دورے پر تھے۔ میں نے پہلی اننگز میں 43 رنز بنائے تھے ،دوسری اننگز میں ہمیں فالوآن ملا تھا اور ہمیں ہار ٹالنے کے لئے کھیلنا تھا۔ میں نے نائٹ واچمین کی طرح تھا اور سچن پاجی نے پوری اننگز کے دوران میری رہنمائی کی تھی۔