سچن یا لارا نہیں مارٹن کرو نے پریشان کیا : اکرم

   

نئی دہلی۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اپنے زمانے میں دنیا کے تمام عظیم بیٹسمینوں کواپنی بولنگ سے پریشان کرنے والے وسیم اکرم نے اتنے سالوں بعد انکشاف کیا ہے کہ آخروہ بھی کسی بیٹسمین سے خوف کھاتے تھے۔ جوانہیں چین سے سونے نہیں دیتا تھا، لیکن ان کی نیند اڑانے والے اس وقت کے سچن تندولکر یا برائن لارا نہیں بلکہ کوئی اورہی ہے۔ سوئنگ آف سلطان 53 سال کے وسیم اکرم اوروقاریونس کی جوڑی سے اس وقت دنیا کے سبھی بیٹسمین کافی خوفزدہ ہوتے تھے۔ فاکس کرکٹ کے ایک پروگرام میں انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان کے ساتھ بات چیت میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کس بیٹسمین کے خلاف انہیں بولنگ کرنے میں سب سے زیادہ مشکل ہوئی توان کے جواب نے ہرکسی کو حیران کردیا۔کیونکہ وہ نام 100 سنچری لگانے والے سچن تندولکریا پھر ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 400 رنوں کی اننگ کھیلنے والے برائن لارا کا نہیں تھا۔ وسیم اکرم نے انکشاف کیا کہ وہ مارٹن کرو سے خوف کھاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ یہ کافی مشکل سوال ہے لیکن اگرانہیں کسی ایک بیٹسمین کے بارے میں بتانا ہے توپھرمارٹن کروکا نام لینا چاہیں گے۔ مارٹن کرو کے خلاف وسیم اکرم کو مجبوراً شارٹ گیند ڈالنی پڑتی تھی کیونکہ وہ ہمیشہ فرنٹ فٹ پرکھیلتے تھے ۔ اس کے پیچھے وسیم اکرم نے وجہ بتائی کہ مارٹن کروان کے خلاف کافی رن بناتے تھے۔ کروہمیشہ ہی فرنٹ فٹ پرکھیلتے تھے۔ بطوربولر وہ کافی پریشان ہوجاتے تھے اورانہیں مجبوراً شارٹ گیند ڈالنی پڑتی تھی، جومارٹن روچاہتے تھے۔ اس دورمیں کوئی بھی ریورس سوئنگ گیند کے بارے میں نہیں جانتا تھا۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کرو نے پاکستان کے خلاف ٹسٹ کرکٹ میں 57.23 کی اوسط سے رن بنائے۔ 13 سال کے کیریئرمیں مارٹن کرونے 77 ٹسٹ میچ اور 143 ونڈے میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے 45.36 کی اوسط سے ٹسٹ کرکٹ میں17سنچری سمیت 5444 رن بنائے۔
نسیم شاہ انڈر19 ورلڈ کپ کھیلیں گے
کراچی ۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے دورے میں نسیم شاہ کی رفتار اور بولنگ کا بڑا چرچہ رہا۔ پاکستان سینئر ٹیم نے انہیں ٹسٹ کیپ دے دی اب وہ پاکستان انڈر19 ٹیم میں شامل ہورہے ہیں تاکہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کے لئے تیار ہوسکیں۔