سڈنی ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی پولیس نے منگل کو ایسے تین افراد کو گرفتار کیا جن کے بارے میں یہ کہا جارہا تھا کہ ان کے دولت اسلامیہ گروپ سے روابط تھے جو پولیس اسٹیشنوں، سفارتخانوں اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ گرفتار شدہ افراد کی عمریں 20 سال، 23 سال اور 30 سال بتائی گئی ہے۔ پولیس کو ان تمام کی آن لائن نقل و حرکت مشتبہ معلوم ہوئی جس کے بعد دھاوے کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا۔ ان تینوں میں سے دو پر دہشت گرد گروپ دولت اسلامیہ سے روابط اور دہشت گردانہ حملوں کے منصوبہ کی بنیاد پر مقدمہ چلایا جائے گا جبکہ تیسرے مجرم کو جسے پہلے دو مجرمین کا ’’ساتھی‘‘ بتایا گیا ہے، پر زائد سنگین الزام عائد نہیں کئے گئے ہیں۔ دریں اثناء آسٹریلین فیڈرل پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر ایان میک کارٹن نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ تینوں مجرمین سڈنی کے مختلف مقامات جیسے پولیس اسٹیشن، سفارتخانے، عدالتیں اور چرچوں پر حملے کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے جسے بروقت ناکام کردیا گیا۔