سڈنی میں یہودی تہوار کے دوران فائرنگ ،12 ہلاک، کئی زخمی

,

   

ایک حملہ آور بھی مارا گیا ، ایک زخمی ، وزیراعظم آسٹریلیا ، وزیراعظم ہند مودی اور دیگر نے حملہ کی مذمت کی
نئی دہلی۔ 14 ڈسمبر (ایجنسیز) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع بونڈی بیچ پر اتوار کے روز دو مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اب تک 12 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے تقریباً 50 گولیاں چلائیں۔ نیوساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے۔ یہ فائرنگ یہودی تہوار حنوکہ کے دوران کی گئی۔پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرا زخمی حالت میں ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے۔ نیوساؤتھ ویلز پولیس فورس نے بتایا کہ اس واقعہ میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں دو پولیس افسران بھی شامل ہیں۔ ایک حملہ آور کی شناخت نوید اکرم کے طور پر کی گئی ہے۔ آسٹریلیائی پولیس کا کہنا ہیکہ حالات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت سڈنی کے جنوب مغربی علاقے بونیرگ کے رہائشی نوید اکرم کے طور پر ہوئی ہے۔آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے فائرنگ کے اس واقعہ کو نہایت افسوسناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارکن جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور جانیں بچانے کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔آسٹریلیا میں اپوزیشن لیڈر سوسن لے نے بھی واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب یہودی برادری کے افراد تہوار منانے جمع ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے اس تہوار کو نفرت نے تباہ کر دیا۔سوسن لے نے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں یہودی برادری کے ساتھ کھڑی ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس فائرنگ کے واقعہ کی سخت مذمت کی اور ایکس پر لکھا کہ ہولناک دہشت گردانہ حملے کی میں شدید مذمت کرتا ہوں جس میں یہودی تہوار حنوکہ کے پہلے دن کا جشن منانے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ ہندوستانی عوام کی جانب سے میں ان خاندانوں کیلئے گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ اس غم کی گھڑی میں ہم آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔