سڈنی کے ایک گھر میں3افراد بیہوش پائے گئے

   

سڈنی، 24 اگست (یو این آئی ) سڈنی کے مغربی علاقے میں ایک گھر سے بے ہوش ملنے کے بعد تین افراد کو ہاسپٹل داخل کرایا گیا۔ جن میں دو افراد پر چاقو سے وار کئے گئے تھے ۔ یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا۔ آسٹریلیائی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے سات بجے لیورا علاقے میں، جو مرکزی سڈنی سے 80 کلو میٹر مغرب میں واقع ہے ، ایک گھر میں فلاحی چیک کیلئے ایمرجنسی سروسز کو بلایا گیا۔ پولیس کے مطابق موقع پر پہنچنے پر دو مرد، جن کی عمریں تقریباً 40 برس ہیں، کو متعدد چاقو کے زخموں کے ساتھ پایا گیا، جبکہ ایک خاتون، جس کی عمر تقریباً 60 برس بتائی جا رہی ہے ، بیہوش تھی۔ تینوں افراد ہوش و حواس کی حالت میں نہیں تھے ۔ ایمبولینس پیرامیڈکس نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جس کے بعد تینوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔


ناروے کا یوکرین کیلئے 700 ملین ڈالر کا ایئر ڈیفنس پیاکیج
اوسلو ۔ 24 اگست (ایجنسیز) ناروے کی حکومت نے یوکرین کیلئے تقریباً 7 ارب نارویجین کراؤن (700 ملین ڈالر) مالیت کا جدید فضائی دفاعی پیاکیج دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد روسی فضائی حملوں سے یوکرین کے شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کیلئے فراہم کی جارہی ہے۔ناروے کے وزیراعظم یوناس گہر اسٹورے نے کہا کہ ’’ہم جرمنی کے ساتھ مل کر یوکرین کو طاقتور ایئر ڈیفنس سسٹمز فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے ملک کا دفاع کر سکے اور عوام کو روسی فضائی حملوں سے محفوظ رکھ سکے‘‘۔