ریاستی حکومت نے 2495 کروڑ روپئے کی لاگت سے 511 پلوں کی تعمیر کی : وزیر آر اینڈ بی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں روڈ نٹ ورک کو بہتر بنانے کے لیے اولین ترجیح دی ہے تاکہ ریاست کو آسانی سے دیگر علاقوں سے جوڑا جاسکے ۔ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر میں ریاست تلنگانہ کو اول مقام حاصل ہے ۔ریاستی حکومت نے 2495 کروڑ روپئے کی لاگت سے 511 پلوں کی تعمیرکی ہے ۔ مرکز کے ساتھ رابطہ کاری میں ایک پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے وزیر عمارات و شوارع نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بجٹ میں 12000 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ اس بجٹ سے ریاست کے تمام اضلاع اور مواضعات میں سڑک ، رابطہ اور نٹ ورک کو بہتر بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے بہتر سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لیے 1700 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ سیلاب اور شدید بارش کے دوران مواضعات میں کئی سڑکیں پانی میں بہہ گئیں ہیں اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے حکومت نے جنگی بنیادوں پر تعمیری کام کو انجام دیا ہے ۔ پلوں کی پختگی اور دیرپا رہنے کے لیے حکومت نے جدید ٹکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے تعمیری کام انجام دیئے ہیں ۔ دریائے گوداوری پر دو پلوں اور منجیرہ ندی پر 3 اور مانیر ندی پر چار پل تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ اس ورکشاپ کو نئی دہلی کی کنسٹرکشن انڈسٹری ڈیولپمنٹ کونسل کے تعاون سے آئی ای آئی تلنگانہ چیاپٹر نے منعقد کیا تھا ۔ وزیر نے عہدیداروں اور انجینئرس سے کہا کہ وہ پلوں کی پختگی اور زیادہ مدت تک بہتر انداز میں رکھنے کے لیے مستقل حل نکالیں اور نئے پراجکٹ کے لیے اس طرح کی ٹکنالوجی کو استعمال کیا جائے ۔۔