سڑکوں پر خطرناک اور اسٹنٹ ڈرائیونگ کے خلاف انتباہ

   

دو دن میں 204 کم عمر گاڑی چلانے کے خلاف مقدمات ، ایڈیشنل کمشنر ٹریفک کا بیان
حیدرآباد ۔ /16 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد میں بے ہنگم ٹریفک پہلے ہی ٹریفک پولیس کے لئے ایک مسئلہ ہے تاہم تیز رفتار گاڑی چلانے کے جنون نے اس شہر میں ایکسیڈنٹس کے خطرات کو اور بڑھایا دیا ہے ۔ جنونی نوجوان سڑکوں پر پچھلے پہیے پر گاڑی چلانے کا خطرناک اسٹنٹ کرکے نا صرف ٹریفک پولیس کے لئے بلکہ راہگیروں کے لئے بھی الجھن اور خوف کا باعث بنتے جارہے ہیں ۔ ایسا ہی ایک واقعہ چندرائن گٹہ مین روڈ پر گزشتہ روز عوام کی توجہ کا مرکز رہا اور میڈیا نے بھی اس جانب توجہ دی ہے ۔ ٹریفک پولیس کے وسیع تر اقدامات کے باوجود اس طرح کی ڈرائیونگ اور موٹر سائیکلوں پر کئے جانے والے اسٹنٹ یقیناً شہریان حیدرآباد کے لئے لمحہ فکر ہیں اور پولیس کیلئے بھی درد سر بن گئے ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس طرح کی احمقانہ حرکت کرکے خطرناک حادثوں کو دعوت دینے والے نوجوان کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے ۔ حالانکہ حیدرآباد ٹریفک پولیس یہ دعویٰ کررہی ہے کہ کم عمر نوجوانوں کی جانب سے خطرناک ڈرائیونگ میں ملوث ہونے پر وقتاً فوقتاً کارروائی کی جارہی ہے اور /10 جون تا /12 جون کے درمیان دونوں شہروں میں 204 کم عمر گاڑی چلانے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک انیل کمار نے کہا کہ کم عمر نوجوان ڈرائیونگ میں ملوث ہونے پر ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور ان کے والدین کو بھی یہ مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی چلانے نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر نوجوانوں کے خلاف ماہ جون میں پولیس اپنی کارروائی جاری رکھے گی اور پکڑے جانے والے کم عمر نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جس میں کونسلنگ اور چالان بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے جرمانہ عائد کئے جانے پر نوجوانوں کو مستقبل میں پاسپورٹ ، ویزا اور ملازمتوں کے حصول میں دشواریاں پیش آسکتی ہیں ۔