سڑکوں پر غیر ضروری اشیا کی فروخت کے خلاف پولیس کارروائی کا آغاز

   

آئندہ دنوں میں مزید سخت کارروائی کا انتباہ ۔ سامان کی ضبطی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا
حیدرآباد 14 مئی(سیاست نیوز) شہر میں سڑکوں پر لگائے جانے والے بازاروں کے خلاف پولیس کی کاروائی شروع کردی گئی ہے اور سڑکوں پر کپڑوں اور دیگر اشیاء کی فروخت کو روک دیا گیا اور پرانے شہر کے کئی علاقوں میں جہاں تجارتی سرگرمیاں تیز ہورہی تھیں انہیں روکنے کی تاکید کی جاچکی ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے حکومت کی جانب سے مہم اور لاک ڈاؤن کے باوجود شہر حیدرآباد کے سلم علاقوں کے علاوہ سلم کے قریب تجارتی علاقوں میں سرگرمیاں بڑھتی جا رہی تھیں جس کے سبب سماجی فاصلہ کے اصولوں کے علاوہ دیگر رہنمایانہ خطوط اور لاک ڈاؤن قوانین کی خلاف ورزی ہورہی تھی۔ محکمہ پولیس کی جانب سے گذشتہ دو یوم سے ان تجارتی سرگرمیوں کو روکنے کے اقدامات کئے جا رہے تھے اور فٹ پاتھ پر دکانات کو ہٹانے کی تاکید کی جارہی تھی ۔ اس کے باوجود شہر کے مختلف مقامات پر عید کے پیش نظر اس طرح کی دکانات کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا تھا جس پر پولیس کی جانب سے آج مغلپورہ اور بی بی بازار چوراہے پر بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر فروخت کی جانے والی اشیاء کو ضبط کرنے کی کاروائی انجام دی ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقو ںمیں پھلوں کے علاوہ جن اشیائے ضروریہ کی اجازت فراہم کی گئی ہے ان کی فروخت میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جا رہی ہے لیکن اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض نوجوانو ںکی جانب سے کپڑے اور گارمنٹس کے علاوہ ہوزیری اشیاء کی فروخت شروع کردی گئی تھی جس پر آج دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے سامان کو ضبط کرنے کا عمل شروع کردیا ہے ۔

کہا جا رہاہے کہ اگر کسی بھی علاقہ سے شکایت موصول ہوتی ہے کہ ان میں فٹ پاتھ پر وہ اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں جن کی حکومت کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی ہے تو ایسے میں اس کاروبار کو غیر قانونی تصور کرکے سامان کی ضبطی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ حکومت تلنگانہ اور مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات کے مطابق محکمہ پولیس کی جانب سے دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت فراہم کی جا رہی ہے لیکن عید کی مناسبت سے جن اشیاء کی فروخت عمل میںلائی جا رہی ہے اور جس طرح کپڑوں ‘ جوتے اور چپلوں کی دکانات لگائی جا رہی ہیں وہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے اسی لئے پولیس کی جانب سے سخت کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ شہر کے کسی بھی مقام پر تجارتی سرگرمیوں کی اطلاعات پر ان کے تاجرین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔