ظہیرآباد میں فروٹ اسوسی ایشن کی نمائندگی پر ڈی ایس پی کا مستحسن اقدام
ظہیرآباد : میونسپلٹی ظہیرآباد میں سے گزرنے والی قومی شاہراہ کے کنارے ٹھیلہ بنڈیوں پر کاروبار کرنے والوں کے خلاف میونسپل کمشنر کی جانب سے کی جارہی کارروائی کے دوران اسٹار فروٹس کمیشن اور فروٹ سیلرس اسوسی ایشن کے ذمہ داروں نے ڈی ایس پی ظہیرآباد ڈیویژن راجو سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت حوالے کی جس میں یاد دلایا گیا کہ چلر میوہ فروشی برسوں سے ٹریفک میں کسی رکاوٹ پیدا کئے بغیر ٹھیلہ بنڈیوں پر کاروبار کرتے چلے آرہے ہیں ۔ اگر انہیں سڑک کے کنارے کاروبار کرنے سے روکا جائے تو ان کا روزگار متاثر ہوگا اور ان کی زندگی اجیرن بن جائے گی ۔ ان قائدین نے یقین دلایا کہ ٹھیلہ بنڈیوں پر میوہ کا کاروبار کرنے والوں کو بس اسٹانڈ ،گورنمنٹ ہاسپٹل ، گیسٹ ہاؤز اور زیر تعمیر میونسپل شاپنگ کامپلکس کے کنارے ٹریفک کی خلاف ورزی کئے بغیر اجازت دی جائے مستحسن اقدام ہوگا ۔ اس موقع پر ٹھیلہ بنڈیوں پر میوہ فروشی کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی نے کہاکہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کا ہجوم ہے تاہم ٹریفک میں خلل انداز ہوئے بغیر سڑک کے بالکل کنارے کاروبار کرنے کی رعایت دی جائے گی ۔ ان قائدین نے ڈی ایس پی کے اس مستحسن اقدام کی ستائش کی ۔ اس موقع پر اسوسی ایشن کے ذمہ داروں یوسف شریف ،محمد مصطفیٰ ، محمد معین ، محمد اکبر کے بشمول ٹھیلہ بنڈی رانوں کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی ۔