سڑکوں پر پانی بہانے والے نل کنکشن کو منقطع کرنے کی ہدایت

   

صحت و صفائی کا جائزہ ،کمشنر بلدیہ دانا کشور کا دورہ مضافات
حیدرآباد۔/4جنوری، ( سیاست نیوز) شہر کی سڑکوں پر پانی بہانا اب مہنگا ثابت ہوگا۔ چونکہ بلدیہ نے سڑکوں پرپانی بہانے والے مکینوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا ہے، اور کمشنر نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر پانی بہانے والے مکانات کے نل کا کنکشن منقطع کردیا جائے گا۔ کمشنر بلدیہ مسٹر دانا کشور نے آج شہر کے مضافاتی علاقوں میں صحت و صفائی کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اچانک دورہ کیا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے ٹولی چوکی علاقہ میں ایک عمارت سے سڑک پر بہائے جارہے پانی کو دیکھتے ہوئے اس عمارت کے نل کنکشن کو بند کردینے کا حکم دیا۔ کمشنر بلدیہ نے سڑکوں پر گندگی کو دیکھتے ہوئے بلدی عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مہدی پٹنم رعیتو بازار سے گندے پانی کے اخراج پر برہمی ظاہر کی اور رعیتو بازار کا معائنہ کرنے کے بعد رعیتو بازار کے منیجر کو ہدایت دی کہ وہ گیلے اور سوکھے کچرے کو علحدہ جمع کرنے کیلئیکمپوز کٹ کی تنصیب عمل میں لائیں تاکہ گیلے کچرے سے یوریا ( کھاد ) کی تیاری میں آسانی ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے واٹر بورڈ کے عہدیداروں کو ڈرینج واٹر کے اخراج کو بند کرنے کیلئے مستقل کام کرنے کی تلقین کی۔ مہدی پٹنم رعیتو بازار کے قریب واقع کامپلکس کے دکانداروں کیلئے کچرے کے خصوصی کٹس فراہم کرنے کا بلدی عہدیدارو ں کو حکم دیا اور علاقہ میں صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مہدی پٹنم تا عطا پور غیر مکمل فٹ پاتھ کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے برائے عطا پور کاروان رنگ روڈ سے ضیاء گوڑہ کمیلہ پرانا پل کے راستہ کا معائنہ کیا۔