معاشی پیاکیج کا اعلان محض دکھاوا، ٹرینوں اور بسوں کیلئے کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد۔/16 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے مرکز کی جانب سے غریب خاندانوں اور مائیگرنٹ لیبرس کیلئے اعلان کردہ پیاکیج کو محض دکھاوا اور ناقابل عمل قرار دیا۔ پارٹی ترجمان جی نرنجن نے کہا کہ مرکز نے ہر مائیگرنٹ لیبر کیلئے 5 کیلو چاول یا گیہوں کے علاوہ ہر خاندان کیلئے ایک کیلو دال مزید دو ماہ تک جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں کوئی وضاحت نہیں کی۔ ایسے وقت جبکہ ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور لاکھوں مائیگرنٹ لیبر پیدل اپنی منزلوں کی طرف رواں دواں ہیں ایسے میں کس طرح انہیں یہ امداد پہنچ پائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومت گزشتہ دو ماہ سے مائیگرنٹ لیبرس کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ لیبرس سینکڑوں کیلو میٹر کا فاصلہ پیدل طئے کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں۔ مختلف ریاستوں میں پیدل چلنے والے مزدوروں کی موت واقع ہوگئی اور کئی حادثات کا شکار ہوئے۔ حکومتوں کو ان کے تحفظ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ٹرینوں اور بسوں کے انتظام کا دعویٰ کرنے والی حکومتیں عمل آوری میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ کانگریس پارٹی نے مطالبہ کیا کہ مائیگرنٹ ورکرس کو ان کے مقامات تک امداد پہنچانے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔ مرکز زائد خصوصی ٹرینوں کا انتظام کرے اور متعلقہ ریاستوں سے کلیرنس حاصل کرے۔ لیبر کیلئے فری بس ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے اور سڑکوں پر پیدل چلنے والے خاندانوں کو بسوں کے ذریعہ ان کے مقامات منتقل کیا جائے۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ وزیر فینانس نے 11000 کروڑ ریاستوں میں مائیگرنٹ لیبرس کے شیلٹر کیلئے امداد کے طور پر اعلان کیا ہے لیکن مرکز خود اس بات سے لاعلم ہے کہ ریاستوں میں کتنے شیلٹرس قائم کئے گئے۔
