حیدرآباد۔26جنوری(سیاست نیوز) شہر میں تجارتی اداروں کی جانب سے سڑکوں پر گندگی پھیلائے جانے کے خلاف مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مہم چلائی جا رہی ہے اور جن ریستوراں و بار کے علاوہ دیگر تجارتی اداروں کی جانب سے سڑکوں پر پانی بہایا جا رہاہے ان کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں مہر بند کیا جا رہاہے ۔ مسٹر وسواجیت کمپاٹی کی زیر نگرانی چلائی جا رہی اس مہم کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد میں فٹ پاتھ پر کئے جانے والے ناجائز قبضہ جات کو بھی برخواست کرنے کی کاروائی کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران اس مہم میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںکی جانب سے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران 4ریستوراں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں 20تا40ہزار کے چالان کئے گئے ہیں اور انہیں چالان کی ادائیگی اور گندگی کو ڈرین لائن تک پہنچانے کے انتظامات کو یقینی بنانے تک کیلئے مہر بند کرنے کے احکامات حوالہ کئے جا چکے ہیں۔ آئندہ ماہ کے دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے دونوں شہرو ں میں خصوصی مہم چلاتے ہوئے ان تجارتی اداروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی جو سڑکوں پر گندگی پھیلانے کے مؤجب بن رہے ہیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے کہا کہ شہر حیدرآباد کو پاک و صاف بنانے اور شاندار حیدرآباد بنانے کیلئے ضروری ہے کہ عوام کا تعاون حاصل ہو۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ شہریوں کو کوڑا کرکٹ ڈالنے کے لئے کوڑے دان فراہم کئے جائیں۔کوڑا دان ہونے کے باوجود سڑکوں پر کچہرا پھینکنے والوں کے خلاف جی ایچ ایم سی کی جانب سے سخت کاروائی کی جائے گی اور ایسا کرنے کے مرتکب افراد کے خلاف چالان کئے جائیں گے۔ مسٹر دانا کشور نے کہا کہ شہریو ںکو بھی شاندار اور صاف حیدرآباد کو یقینی بنانے کے عمل میں بلدیہ سے تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ صرف بلدیہ یا عہدیداروں اور صفائی عملہ کی جانب سے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے اور جب تک عوام کا تعاون حاصل نہیں ہوتا ایسی صورت میں اس خواب کو پورانہیں کیا جاسکتا ۔