سڑکوں پر کچرا پھینکنے پر ٹریفک طرز کے چالانات!جی ایچ ایم سی کا خصوصی ایپ ہوگا

   

یکم ڈسمبر تک دستیاب ہوجانے کا امکان۔ سی سی کیمروں اور عملہ کی مدد سے تصویر کشی کرتے ہوئے ایپ میں اپ لوڈ کیا جائے گا
گریٹر حیدرآباد : /19 نومبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی) سڑکوں پر کچرا پھینکنے اور گندگی پھیلانے والوں کے خلاف ٹریفک طرز پر چالانات عائد کرنے کی تیاریاں کررہی ہے ۔ گاڑیوں کی نمبرات کی بنیاد پر متعلقہ افراد پر ٹریفک پولیس کی جانب سے جرمانے عائد کئے جارہے ہیں ۔ اسطرح کچرا پھینکنے والوں کے خلاف جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے لئے جی ایچ ایم سی کے آئی ٹی شعبہ کی جانب سے خصوصی موبائیل ایپ تیار کیاجارہا ہے ۔ یکم ڈسمبر سے یہ ایپ دستیاب ہوجائے گا ۔ جی ایچ ایم سی کے ہیڈ آفس میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ سڑکوں پر کچرا پھینکنے والے کمرشیل و کاروباری اداروں پر نظر رکھی جائے گی ۔ بارہا انتباہ دینے کے باوجود اگر ہدایت کو نظر انداز کیا گیا تو کاروباری اجازت نامہ منسوخ کردیا جائے گا ۔ اگر ضرورت پڑی تو دوکان کو ضبط بھی کرلیا جائے گا ۔ شہر حیدرآباد میں گھروں سے کچرا اکٹھا کرنے کیلئے صفائی کارکن پہنچ رہے ہیں ۔ مگر چند لوگ انہیں کچرا دینے کے بجائے سڑکوں پر پھینک رہے ہیں ۔ میاں بیوی ملازمین ہے یا بیچلرس سے اس طرح کے زیادہ شکایتیں وصول ہورہی ہیں ۔ چند بستیوں اور سلم علاقوں کی کچھ اس طرح کی صورتحال ہے ۔ یہ تمام لوگ کچرا سڑکوں پر پھینک رہے ہیں ۔ نصف شب کے بعد کچرا سڑکوں پر پھینکنے کے زیادہ واقعات پیش آرہے ہیں ۔ اس تناظر میں جی ایچ ایم سی نے فیلڈ سطح کی نگرانی کرنے اور جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں واقع گاربیج و لنریبل پوائنٹس (جی وی پی) پر پہلے سے سی سی کیمرے موجود ہیں ۔ اس کے فوٹیج کی بنیاد پر کچرا ڈالنے والی گاڑیوں کے نمبرات کی نشاندہی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ چل کر آتے ہوئے کچرا ڈالنے والوں کی عملہ کی جانب سے تصاویر لے کر ایپ میں اپ لوڈ کی جائے گی ۔ ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ سنیٹری فیلڈ اسسٹنٹس ، جوانس اور صفائی ورکرس کو موبائیل کے استعمال پر شعور بیداری کی جائے گی ۔ نچلے سطح کے اسٹاف کو جرمانے عائد کرنے کا اختیار دیا جاتا ہے تو بے قاعدگیاں ہونے کے امکانات ہیں ۔ جس کیلئے ایپ میں تصویر کو اپ لوڈ کرنے کے عمل کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ پہلی مرتبہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر 200 روپئے دوسری مرتبہ 500 روپئے جرمانہ عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس میں بتدریج اضافہ ہوگا ۔ کتنی مرتبہ قواعد کی خلاف ورزی اور کتنے مرتبہ جرمانہ عائد کیا گیا اس کی تمام تفصیلات ایپ میں درج رہے گی ۔ تعمیری و انہدامی ملبہ سڑکوں کے کنارے پھینکنے والوں کی نشاندہی کی جائے گی اوران کے خلاف بھی جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے ۔ بتایا جارہا ہے کہ جی ایچ ایم سی پہلے ہی تاجروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہر دوکان کے پاس اپنی طرف سے کوڑے دان کا انتظام کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ 1000 تا 10 ہزار روپئے جرمانے عائد کیا جائے گا ۔ دو مرتبہ خلاف ورزی ہونے پر دوکانات کے اجازت نامے منسوخ کرتے ہوئے دوکانات کو بھی ضبط کرلیا جائے گا ۔ 2