سڑکوں کو مسطح کرنے اور مین ہولس کی درستگی کیلئے ٹنڈرس کی طلبی،20 کروڑ روپیوں کے خرچ کا تخمینہ ، جی ایچ ایم سی کے اقدامات

   

حیدرآباد۔یکم۔فروری(سیاست نیوز) شہر کی سڑکوں کو مسطح کرنے اور مین ہولس کو سڑکوں کے برابر کرنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور حیدرآباد واٹر ورکس کی جانب سے مشترکہ مہم چلاتے ہوئے 15فروری کو ٹنڈر طلب کیا جائے گا۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں موجود جملہ 17ہزار مین ہولس کو مسطح بنانے کیلئے اقدامات شروع کئے جا رہے ہیں اور ابتدائی طور پر 20کروڑ روپئے کی لاگت سے شہر کی اہم شاہراہوں پرموجود مین ہولس کو مسطح کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر میں جملہ 9000کیلو میٹر کی سڑکیں ہیں جن میں 2000کیلو میٹر مصروف سڑکیں ہیں اسی لئے ابتداء میں ان 2000کیلو میٹر کی سڑکوں پر موجود مین ہولس کو سڑک سے مسطح کیا جائے گا اور اس کیلئے 20کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ ٹریفک کے آسان بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے ان اقدامات کے سلسلہ میں محکمہ آبرسانی اور بلدی عہدیداروں کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ محکمہ آبرسانی اور بلدیہ کے مین ہولس کو مسطح کیا جائے اور اس مقصد کے لئے 5کروڑ روپئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے دئیے جائیں گے اور اس کے علاوہ 15کروڑ روپئے محکمہ آبرسانی کے ذریعہ فراہم کئے جائیں گے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے کہا کہ مانسون کی آمد سے قبل پہلے مرحلہ کے کاموں کو تکمیل کرنے کی ہدایت دی جائے گی اور آئندہ کے کاموں کا آغاز مانسون کے بعد کیا جائے گا۔ انہو ںنے تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہاکہ دونوں شہروں میں 17ہزار مین ہولس موجود ہیں اور ان میں 8000ہزار مین ہولس مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ہیں جبکہ 9000 مین ہولس محکمہ آبرسانی کے ہیں ۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے کہا کہ شہرحیدرآباد میں سڑکوں کو مسطح کرنے کے اس کام کیلئے متعدد اجلاس منعقد کئے گئے اور اس کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ تمام انجنیئرس کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مضبوط اور پائیدار مین ہولس کی تنصیب کو یقینی بنائیں اور سڑکوں کو مسطح کرنے کے لئے دھاتی رنگ کا استعمال کیا جائے تاکہ دوبارہ اس طرح کی شکایات موصول نہ ہونے پائے۔