چیف سکریٹری کا بینک عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، حادثات کی روک تھام کے اقدامات سے واقف کرایا
حیدرآباد 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے ورلڈ بینک عہدیداروں اور روڈ سیفٹی سے متعلق سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ریاستی حکومت نے حادثات کی روک تھام و حادثات میں ہلاکتوں کو کم کرنے کئی اقدامات کئے ہیں۔ محکمہ جات ، ٹرانسپورٹ اور پولیس مشترکہ طور پر روڈ سیفٹی ویکس کا اہتمام کرتے ہوئے عوام میں شعور بیداری کا کام انجام دے رہے ہیں ۔ خاص طور پر اوور اسپیڈ سے حادثات کے خطرات کے بارے میں ڈرائیورس کو واقف کرایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیورس اور پیدل راہگیروں میں روڈ ڈسپلن پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے روڈ سیفٹی اقدامات کی نگرانی کے لئے سی سی کیمرے نصب کئے ہیں اور بعض ایپ متعارف کئے گئے ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حادثات کے متاثرین کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے ذریعہ ہلاکتوں کو کم کرنے پر محکمہ جات ، ٹرانسپورٹ ، پولیس اور ہیلت مشترکہ طورپر کام کر رہے ہیں۔ سڑکوں کے معیار میں اضافہ اور حادثات میں کمی کے لئے ورلڈ بینک کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا عہدیداروں کو موقع ملا ہے۔ ورلڈ بینک کی ٹیم کو ریاست میں روڈ انجنیئرنگ ، وہیکل سیفٹی اور ڈرائیورس کی ٹریننگ کے علاوہ اموات پر قابو پانے کے اقدامات سے واقف کرایا گیا ۔ ورلڈ بینک نے حادثات میں اموات ، رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد اور سڑکوں کے نیٹ ورک کی بنیاد پر 14 ریاستوں کے لئے 6725 کروڑ فنڈس منظور کئے ہیں۔ تلنگانہ کیلئے ورلڈ بینک نے 320 کروڑ الاٹ کئے ہیں۔ ارنب بندھوپادھیائے ، وینکٹ راؤ ، مس وجیتا بیزم ،کرشنن سرینواسن ، رجت بھوشن ، ادتی گپتا اور آستھا اروڑہ ورلڈ بینک کی ٹیم میں شامل ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر، پرنسپال ہوم روی گپتا ، ایڈیشنل ڈی جی پی ریلویز سندیپ شنڈالیا، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی ، سکریٹری ٹرانسپورٹ کے سرینواس راجو ، اسپیشل سکریٹری ٹرانسپورٹ وی بوئی ، کمشنر ٹرانسپورٹ ایم آر راؤ کے علاوہ دیگر عہدیدار شریک تھے۔ ر