سڑکوں کی توسیع میں متاثرہ جائیداد مالکین معاوضہ سے محروم

   

صرف کاغذی کارروائی ، پانچ سال قبل کی قیمتیں ادا کرنے کی سازش
حیدرآباد۔28مارچ(سیاست نیوز) ریاستی حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ایس آر ڈی پی کے تحت پراجکٹس کی تکمیل کے اقدامات تیز کئے جا رہے ہیں لیکن پرانے شہر میں سڑکوں کی توسیع کے منصوبہ کو مکمل کرنے کے لئے اقدامات میں کی جانے والی کوتاہی پرانے شہر کے مکینوں کے لئے تکلیف کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ پرانے شہر میں جن سڑکوں کی توسیع کے کاموں کا آغاز کیا جاچکا ہے ان سڑکوں کی توسیع کے عمل کو مکمل کرنے میں کی جانے والی تاخیر کے سلسلہ میں دریافت کئے جانے پر کہا جا رہاہے کہ سڑک کی توسیع کی زد میں آنے والی جائیدادوں کا معاوضہ ادا نہ کرنے کے سبب کئی جائیدادوں کے مالکین کی جانب سے جائیدادوں کی حوالگی سے انکار کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ سڑک کی توسیع کے منصوبہ کی تیاری کے بعد عہدیدار ان سے رجوع ہوتے ہوئے جائیدادوں کی قیمت طئے کئے ہوئے 5سال کا عرصہ گذر چکا ہے لیکن قیمتوں کی ادائیگی اور جائیدادوں کے حصول کے بجائے صرف کاغذی کاروائی پر اکتفاء کیا جا رہاہے اوراب 5سال سے زائد کا عرصہ گذرنے کے بعد جائیدادوں کی قیمت میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے لیکن انہیں پرانی قیمت ادا کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔ جائیداد مالکین کا کہناہے کہ بازار میں جائیداودں کی قیمت میں اضافہ کے باوجود انہیں پرانی قیمتیں ادا کرتے ہوئے جائیدادوں کی حصول کی کوشش ان کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے ۔بلدی عہدیدار جو سڑکوں کی توسیع اور جائیدادوں کے حصول کے ذمہ دار ہیں وہ بھی اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ جائیدادوں کے حصول میں ہونے والی تاخیر کی بنیادی وجہ فنڈس کی قلت ہے لیکن ازروئے قانون جس قیمت پر حصول جائیداد کا معاہدہ کیا گیا تھا وہ قیمت ہی ادا کی جاسکتی ہے اور پراجکٹ کی تاخیر کے سبب جائیداد کے حصول میں ہونے والی دشواریاں سڑکوں کی توسیع میں تاخیر کا سبب بن رہی ہیں۔ م