حیدرآباد 5 اگسٹ ( آئی این این ) مئیر گریٹر حیدرآباد ڈاکٹر بی رام موہن نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں کی مرمت کا کام جنگی خطوط پر انجام دیں۔ شہر میں مسلسل بارش کی وجہ سے سڑکوں کی حالت ابتر ہوگئی ہے ۔ مئیر حیدرآباد نے کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور ‘ حیدرآباد میٹرو ریل کے ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی اور دوسرے عہدیداروں کے ساتھ گاندھی ہاسپٹل سے آر ٹی سی چوراہا تک کی سڑک کا پیدل چلتے ہوئے معائنہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں کی مرمت کا کام فوری انجام دیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریبا 4000 گڑھے شہر کی سڑکوں پر پڑ گئے ہیں اور جیسے ہی بارش رکے انہیں پر کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرمت کا کام چہارشنبہ سے شروع کردیا جائیگا ۔ متاثرہ سڑکوں کی مرمت کیلئے ایک روزہ ٹنڈرس بھی طلب کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرمت کے کاموں کیلئے پانچ کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔