خانگی ادارے شکایتی شعبہ قائم کرنے پر مجبور، عوامی مسائل کی فی الفور یکسوئی کیلئے بلدیہ کی ہدایت
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے سڑکوں کی نگہداشت کے سلسلہ میں کنٹراکٹرس کو جوابدہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کنٹراکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ سڑکوں کے بارے میں عوامی شکایات کی سماعت اور یکسوئی کیلئے شکایتی شعبہ قائم کریں۔ حیدرآباد میں کئی اہم سڑکوں کو خصوصی پراجکٹ کے تحت نگہداشت کیلئے خانگی اداروں کے حوالے کیا گیا ہے ۔ بیشتر علاقوں سے ناقص سڑکوں کے بارے میں شکایات موصول ہورہی ہیں ، لہذا مجلس بلدیہ کے حکام نے کنٹراکٹرس کو انتباہ دیا ہے کہ مینٹننس میں ناکامی کی صورت میں رقم میں کٹوتی کی جائے گی ۔ سڑکوں کی مرمت اور نگہداشت کے جامع منصوبے کے تحت 401 سڑکیں جو 709 کیلو میٹر پر محیط ہیں، انہیں پانچ برسوں تک مینٹننس کیلئے خانگی ایجنسیوں کے حوالے کیا گیا ۔ ایجنسیوں کو پانچ برسوں میں 1827 کروڑ ادا کئے جائیں گے۔ عوامی شکایات کی سماعت کیلئے خانگی ایجنسیوں نے خصوصی طور پر واٹس ایپ ، ای میل اور ٹوئیٹر اکاؤنٹ شروع کیا ہے۔ عوام سڑکوں کی خرابی کی صورت میں مذکورہ ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے شکایت کرسکتے ہیں ۔ بلدی حکام نے کنٹراکٹرس کو پابند کیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے دوران مسئلہ کی یکسوئی کریں ۔ سڑکوں کی مرمت سے متعلق شکایات کی اندرون 24 گھنٹے یکسوئی کردی جائے گی ۔ سکندرآباد ، ایل بی نگر ، چارمینار ، شیر لنگم پلی ، کوکٹ پلی اور خیریت آباد زونس کے لئے علحدہ واٹس ایپ ، ای میل اور ٹوئیٹر اکاؤنٹ جاری کئے گئے ہیں۔