سڑکوں کے مرمتی کام کیلئے جی ایچ ایم سی کے اقدامات

   

Ferty9 Clinic

بنگلورو سے لائی گئی ٹیکنالوجی کا استعمال، پائلٹ پاس پر کام کا آغاز، ہائی کورٹ کے قریب گڑھے کو ٹھیک کیا گیا

حیدرآباد: 10 اگست (سیاست نیوز) شہر میں نقصان زدہ سڑکوں کی مرمت اور گڑھوں کو پر کرنے کے کام کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن چارمینار زون (سائوتھ زون) انجینئرنگ ونگ نے اس سلسلہ میں ایک پہل کرتے ہوئے شہر کے جنوبی حصہ میں ’’ہائی اسٹرینٹ فائبر گلاس پیاچ ٹیپ‘‘ ٹکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے سڑکوں کی مرمت کے لیے ایک پائلیٹ پراجیکٹ شروع کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے ذرائع کے مطابق کارپوریشن نے پالیٹ پاس پر ہائی کورٹ روڈ کے قریب سڑک کے مرمتی کام شروع کئے۔ بنگلورو سے لائی گئی اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے قریب 6.5 مربع میٹر رقبے والے ایک گڑھے کو ٹھیک کیا گیا۔ اس ٹیکنالوجی کو روڈ رکھشک پیاچ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اسے نقصان والی تمام سڑکوں کے لیے استعمال کیا جائے گا اور جلد ہی اس کے ذریعہ جی ایچ ایم سی حدود میں گڑھوں کو پر کرنے اور سڑکوں کے مرمتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ دتوپنت، سپرنٹنڈنٹ انجینئر، پراجیکٹ، سائوتھ زون، جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ ’’یہ پراجیکٹ امریکن روڈ پیاچ ٹی ایم پیل اینڈ سیل ریپیر پیاچ پر مبنی ہے جو سڑک پر جم کر واٹر پروف سیل بناتا ہے اس طرح مرمتی کام دیر تک برقرار رہتا ہے۔ روایتی طریقوں کے برعکس روڈ رکھشک پیاچ ایک کم خرچ پراجیکٹ ہے جس میں مضبوطی ہوتی ہے اور سڑکوں کے گھڑھوں کو اچھی طرح بند کیا جاسکتا ہے اور سڑک کے مرمتی کام بہتر انداز میں انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرمتی کام کے روایتی طریقوں میں صرف فلس کا استعمال کیا جاتا ہے جو عارضی نوعیت کے ہوتے ہیں۔ امریکن روڈ پیاچ ٹی ایم اس کا حل ہے اور جی ایچ ایم سی نے اس پیاچ کا استعمال کیا ہے۔ اس پیاچ کو بروئے کار لانے کے لیے کوئی اسپیشل ٹرک یا ایکوپمینٹ کی ضرورت نہیں ہے اور اس کا استعمال آسان ہے۔ سڑکوں کے مرمتی کام سڑک کو بند کئے بغیر انجام دیئے جائیں گے۔