سڑکوں کے کنارے پودے لگاکر شہر کو خوبصورت بنائیں

   

نارائن پیٹ میں ہریتا ہرم پر عمل آوری کا جائزہ ، ضلع کلکٹر کا خطاب

نارائن پیٹ /12 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشا ( آئی اے ایس ) نے آج ضلع کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ہریتا ہرم کے تحت ضلع میں آر اینڈ بی سڑکوں کے دونوں جانب پودے لگاکر شہر کو خوبصورت بنائیں ۔ آج ہریتا ہرم پروگرام پر صد فیصد عمل آوری اور اس سلسلے میں پیش رفت کاموں کا جائزہ لینے کیلئے ضلع سطح کے عہدیداروں کا ایک اجلاس طلب کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ نارائن پیٹ ضلع کی سرحد تک 19 گرام پنچایتوں میں سڑکوں کے دونوں طرف تین فٹ کے درخت لگائیں اور درختوں کے درمیان 1.5 میٹر کا فیصلہ رکھا جائے ۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہوں پر کلین گرام پنچایت سکریٹریز محکمہ جنگلات کے اہل کاروں کی معاونت سے ٹیکوما درخت اور پھلوں کے پودے لگائیں جائیں ۔ محکمہ جنگلات کے نرسریوں میں اور گرام پنچایت کی نرسریوں سے پودے حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تیز بارشوں کی وجہ سے پودے تیزی سے لگنے کے امکانات ہیں ۔ ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو اس ماہ کی 25 تاریخ تک شجرکاری پروگرام مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اس اجلاس میں ضلع ایڈیشنل کلکٹر مسٹر کے چندرا ریڈی ، ڈی آر ڈی او مسٹر گوپال نائیک ، ڈی ایف او شریمتی وینی وانی ، ڈی پی او مسٹر مرلی ، میونسپل کمشنر سنیتا ، میونسپل انجینئیر مسٹر مہیش ، ایم پی ڈی اوز ، وائی ایم پی اوز پنچایت سکریٹریز و دیگر نے شرکت کی ۔