سڑک حادثات میں تین افراد بشمول کمسن لڑکا و خاتون ہلاک

   

حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول کمسن لڑکا اور خاتون ہلاک ہوگئے۔ گولکنڈہ پولیس حدود میں پیش آئے افسوسناک سڑک حادثہ میں ایک کمسن طالب علم ہلاک ہوگیا جس کی عمر 5 سال بتائی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 5 سالہ محمد عرفان جو موتی محل قلعہ گولکنڈہ علاقہ کے ساکن محمد سلیم کا بیٹا تھا یہ لڑکا اس کے چچا زاد بھائی نوید کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ گولکنڈہ حدود میں تیز رفتار لاری نے انہیں ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں عرفان برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ مقام حادثہ پر دلخراش مناظر دیکھ کر عوام نے برہمی کا اظہار کیا اور بڑی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر قابو پانے میں پولیس پر ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے رنج و افسوس کا اظہار کیا۔ سنتوش نگر پولیس کے مطابق 55 سالہ خاتون مانیماں جو پیشہ سے مزدور تھی کل رات ڈی آر ڈی ایل کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوگئی۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 60 سالہ پربھو جو گاندھی نگر علاقہ کا ساکن تھا۔ یہ شخص سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔