سڑک حادثات میں سات افراد بشمول تین خواتین و کمسن ہلاک

   

حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) سائبر آباد و رچہ کنڈہ پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں سات افراد بشمول تین خواتین اور ایک کمسن لڑکا ہلاک ہوگیا جن میں پھوپی بھتیجہ بھی شامل ہیں۔ الوال پولیس کے مطابق 25 سالہ پریہ درشنی ووڈ جو اولڈ الوال علاقہ کی ساکن جانس کولڈ کی بیوی تھی پیشہ سے اسٹاف نرس بتائی گئی ہے۔ پریہ درشنی کل اس کے بھائی سنیل ووڈ اور بھتیجہ پانچ سالہ آیان کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہی تھی کہ عقبی حصہ سے ایک کار نے انہیں ٹکر دے دی اس حادثہ میں پریہ درشنی اور آیان ہلاک ہوگئے ۔ بالا پور پولیس کے مطابق 35 سالہ سنتوش کمار بلوال جو بورا بنڈہ علاقہ کا ساکن تھا مادھا پور کے علاقہ میں چوکیداری کرتا تھا۔ آج صبح وائی ایس آر جنکشن کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں یہ شخص نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ بلوال کا تعلق مدھیہ پردیش سے بتایا گیا ہے۔ عبداللہ پور میٹ پولیس کے مطابق 62 سالہ کوٹیا جو راجم پیٹ علاقہ کا ساکن شخص پیشہ سے لاری کلینر بتایا گیا ہے جو کل قومی شاہراہ نمبر 65 پر گاڑی پارک کرنے کے بعد کھانا کھانے کیلئے سڑک عبور کررہا تھا کہ ایک موٹر سکل کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ میرپیٹ پولیس کے مطابق 32 سالہ پی اوشا رانی جو میرپیٹ علاقہ کے ساکن رنبیر چاری کی بیوی تھی کل میاں بیوی موٹر سیکل پر ہاسپٹل جارہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔ گائتری نگر کے علاقہ میں ایک کار نے ان کی موٹر سیکل کو ٹکر دے دی اور شدید زخمی حالت میں خاتون فوت ہوگئی۔ کندکور پولیس کے مطابق 35 سالہ پروتماں جو پاپی ریڈی گوڑہ علاقہ کے ساکن جنگیا کی بیوی تھی 17 ستمبر کو یہ خاتون اپنے بھائی کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہی تھی کہ موٹر سیکل سے گرکر شدید زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ ادی بٹلہ پولیس کے مطابق 50 سالہ یادیا جو پیشہ سے چوکیدار ادی بٹلہ علاقہ میں رہتا تھا۔ 14 ستمبر کو سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے پیش حادثہ میں یادیا شدید زخمی ہوگیا تھا۔ جو علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔