حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز)شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول دو ساتھی ہلاک ہوگئے۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 19 سالہ گویند راو 32 سالہ شنکر جو آپس میں ساتھی تھے کل ایک موٹر سیکل پر جارہے تھے نارسنگی کے علاقہ سے گزر رہے تھے کہ ایک واٹر ٹینکر کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران ہاسپٹل میں یہ دونوں فوت ہوگئے۔ مائیلار دیو پلی پولیس کے مطابق35 سالہ پانڈو رنگم جو ایک پرائیویٹ ڈاکٹر تھا چھتری ناکہ علاقہ میں رہتا تھا کل یہ شخص شمس آباد تا چندرائن گٹہ موٹر سیکل پر جارہاتھا کہ ایک لاری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور رات دیر گئے بنجارہ ہلز کے ایک دواخانہ میں فوت ہوگیا۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 35 سالہ نارائن سوامی جو بلدیہ کی گاربیج لفٹنگ کچرا منتقل کرنے والی کی گاڑی پر کام کرتا تھا 19 ستمبر کو آٹو میں جارہا تھا کہ کرسٹل گارڈن کے قریب حادثہ پیش آیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا کل فوت ہوگیا۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 57 سالہ جگن موہن جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا جواہر نگر علاقہ میں رہتا تھا کل یہ شخص سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں موٹر سیکل کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات در ج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔