سڑک حادثات پر سنگین دفعات ، خاطیوں کی جیل منتقلی

   

ٹرافک حادثات سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات ، وی سی سجنار کا ریڈیو سے خطاب
حیدرآباد :۔ انسان کی اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کے سبب ہی حادثات رونما ہوتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے کیا ۔ ٹرافک حادثات سے بچاؤ اور احتیاطی اقدامات کے لیے سائبر آباد پولیس کی جانب سے آئے دن منفرد اقدامات کیے جاتے ہیں اور آج اس خصوص میں کمشنر پولیس ریڈیو پر حاضر ہوگئے ۔ آل انڈیا ریڈیو ایف ایم رین بو لائف پروگرام پر کمشنر پولیس نے عوام کو مخاطب کیا ۔ اس پروگرام میں کمشنر کے ہمراہ ٹرافک ڈی سی پی وجئے کمار بھی موجود تھے ۔ اس پروگرام پر عوام کا غیر معمولی ردعمل حاصل ہوا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ سڑک حادثات سے بچنے کے لیے پہلے آگہی ضروری ہے ۔ انسان کی غلطیوں کے سبب ہی سڑک حادثات رونما ہورہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ ٹرافک قوانین پر عمل آوری اور شرائط پر عمل آوری کو فرض عین تصور کیا جائے اور ہر شہری کو اس ذمہ داری کا احساس ہونا چاہئے کہ ٹرافک قوانین پر عمل کرنا ان کے لیے لازمی ہے ۔ انہوں نے حالیہ دنوں پیش آئے ٹرافک حادثات کا تذکرہ کیا اور عوام کو مشورہ دیتے ہوئے ان کی رائے بھی حاصل کی ۔ خاص کر موٹر سیکل رانوں کے لیے انہوں نے مفید مشورہ دئیے اور کہا کہ ٹرافک قوانین پر سختی سے عمل آوری شہریوں کو مشکلات میں مبتلا کرنے کے لیے نہیں بلکہ انہیں حادثات سے بچانے اور راحت فراہم کرنے کے لیے ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک حادثات پر عام دفعات سے ہٹ کر سنگین دفعات عائد کئے جارہے ہیں اور خاطی افراد کو جیل منتقل کیا جارہا ہے ۔ کمشنر پولیس نے عوام سے احتیاطی اقدامات پر عمل آوری کے لیے زور دیا ۔۔