ٹریفک قواعد پر عمل ضروری، ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس
محبوب نگر۔ 4؍اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ سڑک حادثات کی روک تھام سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی جانکی دھراوت نے کیا۔ انھوں نے صحافتی بیان میں کہا کہ نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے سالانہ کئی ایک افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھ رہے ہیں۔ اس کے بعد ان کے افراد خاندان کو بے شمار مسائل اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سڑک حادثات کی روک تھام کے لئے محکمہ پولیس، محکمہ عدلیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کے لئے کھڑا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا اصل مقصد عوام کو حادثات سے پاک اور محفوظ سفر فراہم کرنا ہے، جس کے لئے پولیس، انفورسمنٹ کا کام بھی کرے گی۔ حالت ِ نشہ میں ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ گاڑی چلانا اور دیگر خلاف قانون معاملات کی باقاعدہ چیکنگ کرتے ہوئے جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ تیز رفتار گاڑیاں چلانے والے بھی جرمانوں کی زد میں آئیں گے۔ ایس پی کی ہدایت پر محبوب نگر ٹاؤن میں ٹریفک انسپکٹر سرینواس اور ٹریفک عملہ کی جانب سے ’’ڈرنک اینڈ ڈرائیو انفورسمنٹ‘‘ میں 41 افراد پکڑے گئے جن پر 82 ہزار روپئے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ٹریفک انسپکٹر نے ان تمام کو پولیس اسٹیشن طلب کیا اور پابند کیا کہ نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ لائیسنس منسوخ کردیا جائے گا۔ انھوں نے حالت ِ نشہ میں ڈرائیونگ سے پیش آنے والے خوفناک انجام اور نتائج پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ٹریفک ایس آئی شمس الدین، آر ایس آئی رمیش و دیگر موجود تھے۔