سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات

   

نارائن پیٹ۔/11 مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ٹرانسپورٹ آفیسر نارائن پیٹ مسٹر ویراسوامی نے اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ نارائن پیٹ ضلع بھر میں ایک خصوصی مہم کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ موٹرسائیکلوں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو ڈرائیونگ کے دوران ہیلمٹ پہننا ہوگا، ڈرائیونگ لائسنس، آر سی انشورنس، فٹنس اور گاڑی کے دیگر دستاویزات ضروری ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسپیشل ایجوکیشن کے ذریعے سکول کے طلباء میں آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر طلباء کو سفر کے دوران اصول و ضوابط کا علم ہو جائے تو وہ اس بات کو دس لوگوں تک پہنچائیں گے۔ آر ٹی او مسٹر ویراسوامی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گاڑی چلانے والوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک خصوصی گاڑی کا اہتمام کیا جائے گا اور اسے پورے ضلع میں تشہیری مہم کے طور گھمایا جائے گا۔