سڑک حادثات کے انسداد کیلئے ضروری اقدامات

   

مدور میں روڈ سیفٹی تقریب ،ایس مہیندر کا خطاب

مدور /8 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) معاون کمشنر آف پولیس حسن آباد مسٹر ایس مہیندر نے آج عوام پر زور دیا کہ وہ دوپہیہ و چار پہیہ گاڑیوں کے چلانے کے دوران ٹریفک رولس کی پاسداری کریں تاکہ سڑک حادثات پر روک لگائی جاسکے ۔ وہ آج حسن آباد پولیس میں ڈیویژن کے زیر اہتمام مدور کے رائل گارڈن پر روڈ سیفٹی ویک تقاریب کے ضمن میں منعقدہ خصوصی جلسہ عام کو جو کہ مقامی سرپنچ مسٹر کے جناردھن ریڈی کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا مخاطب کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے سڑک حادثات کے انسداد کیلئے ضروری اقدامات و رہبری کی جارہی ہے ۔ نادانستہ طور پر پیش آنے والے سڑک حادثات بے شمار قیمتی انسانی جانیں تلف ہوکر اپنے ارکان خاندان کیلئے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بن جاتا ہے ۔ انہوں نے ٹو وہیلرس چلانے والوں کو سختی کے ساتھ ہیلمٹ کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس ضمن میں محکمہ پولیس کی جانب سے عوام کو مزید باشعور بنانے کیلئے خصوصی تشہیری مہم چلائی جارہی ہے ۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر رگھو ، سب انسپکٹر راجی ریڈی مختلف اسکولس و کالجوں کے طلباء و طالبات کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔