بھینسہ /31 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر آج ایک جواں سال ملنسار و مخلص حرکیاتی سماجی کارکن کے سڑک حادثہ میں فوت ہوجانے کی وجہ سے غم کے ماحول پیدا ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب شہر کے مدینہ کالونی کے متوطن سید عبدالقادر کے بڑے فرزند سید واسیع بعمر 38 سالہ ملازم محکمہ بلدیہ و سابق صحافی آج صبح اپنے مکان سے حیدرآباد کیلئے بذریعہ موٹر کار اپنی خالہ اور چھوٹے معذور بھائی سید نافع کے ہمراہ ٹی ایس پی ایس سی حیدرآباد میں پی ایچ سی کوٹہ میں ٹی آر ٹی میں ملازمت کیلئے اسنادات کی جانچ کیلئے روانہ ہوئے تھے کہ دوران سفر ماسائی پیٹ گاؤ شالہ کے قریب چھ گنٹہ پولیس اسٹیشن حدود میں کار حادثہ کا شکار ہونے کی وجہ سے سید واسیع بعمر 38 سالہ جاں بحق ہوگئے ۔ اس حادثہ کی اطلاع شہر میں پھیل گئی جس کی وجہ سے شہر کے مسلمانوں میں غم و مایوسی کی لہر دوڑ گئی اور شہر کے مسلمان مرحوم کے مکان واقع مدینہ کالونی پہونچکر مرحوم کے والد اور بھائیوں کو پرسہ دیا ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہے ۔ مرحوم مولانا سید رافع قاسمی امام و خطیب مسجد مومنان کے بڑے بھائی ہوتے تھے ۔