حیدرآباد ۔ /28 جولائی (سیاست نیوز) مادھاپور کے علاقہ گٹالہ بیگم پیٹ میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں بی ٹیک طالبہ ہلاک ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق 22 سالہ سائی ونیتا متوطن گنٹور آندھراپردیش شہر کے گیتم کالج آف انجنیئرنگ میں تیسرے سال میں تعلیم حاصل کررہی تھی ۔ ونیتا اپنے ایک دوست سچیت بابو کے ہمراہ کل رات دیر گئے کار میں جارہے تھے کہ حالت نشہ میں سچیت بابو نے گٹالہ بیگم پیٹ کے قریب ڈیوائیڈر کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں ایک آٹو بھی اس کی زد میں آگیا ۔ اس حادثہ میں ونیتا کار سے باہر نکل گئی اور آٹو پر جاگری ۔ اس لڑکی کے سر پر گہرا زخم آیا اور وہ برسرموقع ہلاک ہوگئی جبکہ آٹو ڈرائیور چندر شدید زخمی ہوگیا ۔ حادثہ کے بعد سچیت بابو وہاں سے کار چھوڑکر فرار ہوگیا ۔ پولیس مادھا پور نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔
