محبوب نگر۔ محمد اقبال پہلوان کانگریس قائد و سابق صدر وقف کامپلکس کمیٹی محبوب نگر اور جمیل پیراں ترکاری ہول سیلر ڈیلر کا جمعہ کے دن ایک سڑک حادثہ میں انتقال ہوگیا۔ نیشل ہائی وے 44 پر پالیم برج پر ان کی کار حادثہ کا شکار ہوگئی جبکہ یہ دونوں گدوال کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ کار میں جمیل پیراں مرحوم کی اہلیہ بھی تھیں جو شدید زخمی ہوگئیں۔ اقبال پہلوان کی عمر 62 برس اور جمیل پیراں 59 برس کے تھے۔ ان دونوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ نماز جنازہ 9-45 بجے شب مکہ مسجد محبوب نگر میں حافظ محمد الیاس نقشبندی نے پڑھائی اور تدفین جدید قبرستان مکہ مسجد میں عمل میں آئی۔ اقبال پہلوان کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو لڑکے، تین لڑکیاں ہیں۔ جمیل پیراں کے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ محبوب نگر کے سیاسی، سماجی و مذہبی قائدین نے ان کے انتقال پر صدمہ کا اظہار کیا ہے۔